uttar_pradesh-clear_bjp-uml-narendra_modi-endangering-chaudhry_ajit_singh

اترپردیش میں بی جے پی کا صفایا یقینی ، عوام وزیر اعظم نریندر مودی کا غرور ختم کرنے جارہی ہے : چودھری اجیت سنگھ فوٹو چودھری اجیت سنگھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے

اترپردیش میں بی جے پی کا صفایا یقینی ، عوام وزیر اعظم نریندر مودی کا غرور ختم کرنے جارہی ہے : چودھری اجیت سنگھ
فوٹو چودھری اجیت سنگھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے

دیوبند، 8؍ اپریل (رضوان سلمانی)

راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر چودھری اجیت سنگھ نے کہا ہے کہ اترپردیش میں بی جے پی کا صفایا یقینی ہے ، اس مرتبہ عوام وزیر اعظم نریندر مودی کے غرور کو ختم کرنے جارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چودھری اجیت سنگھ نے سماج وادی پارٹی کے سابق ریاستی وزیر قاری رائو ساجد کی رہائش گاہ پر نمائدہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ غریب ، کسان، مزدور اپنے ووٹ کی طاقت کا احساس کراکر بی جے پی کو اقتدار سے ٹھوکر مارکر الگ کرنے کا کام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات جمہوریت کا مستقبل طے کریں گے اور ملک کو بچانے کے لئے یہ انتخاب ہے اور جس ملک کے سپریم کورٹ کے ججوں نے ملک کی جمہوریت کو خطرے میں بتایا ہو تو ایسے میں اس وقت جمہوریت پوری طرح خطرے میں نظر آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون میں ووٹ کی جو طاقت دی گئی ہے اس کا استعمال کرکے بی جے پی کو اقتدار سے الگ کرنا ہوگا ۔ چودھری اجیت سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بتاتے ہوئے کہاکہ اچھے دن آئیں گے کا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا اور اچھے دن کی جگہ پر عوام کو برے دن دیکھنے پڑ رہے ہیں جن میں تین مرتبہ سوٹ بدلنے والے وزیر اعظم بیرون ممالک کا سفر کرکے من کی بات کرتے ہیں کہ وہ تو فقیر ہے انہوں نے ہم سب کو فقیر بنادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں موجودہ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے ۔ معیشت تباہ ہے کوئی بھی ملک یہاں پر آکر کاروبار نہیں کرنا چاہتا ۔ چودھری اجیت سنگھ نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ بڑے بڑے وعدے کئے گئے مگر انہیں کچھ نہیں دیا گیا ہے ۔ ریاست کی یوگی حکومت نے گنے کی قیمتوں میں ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔ شوگر فیکٹریوں سے گنے کی ادائیگی نہ ہونے کے سبب کسانوں کو اپنا گنا کولہوئوں پر فروخت کرنے کے لئے مجبور ہونا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پوری طرح سے کسان مخالف ہیں اور آج بھی پانچ ہزار کروڑ روپیہ شوگر فیکٹریوں پر کسانوں کا بقایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں جتنی بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے اتنا اضافہ گزشتہ 45سالوں میں نہیں ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب کے کھاتے میں 15لاکھ روپے پہنچانے کا وعدہ پوری طرح جملہ بازی ثابت ہوا، ایک سوال کے جواب میں چودھری اجیت سنگھ نے کہا کہ گزشتہ پارلیمانی انتخاب میں بی جے پی نے مظفرنگر سے فرقہ وارانہ فساد کراکر اقتدار حاصل کیا تھا مگر اس مرتبہ مظفرنگر سے ہی بی جے پی کو ہراکر اقتدار ان سے چھینا جائے گا کیوں کہ وہاں کے عوام بی جے پی کی سازش کو سمجھ چکی ہے اور اس مرتبہ وہ ان کے جھانسے میں آنے والے نہیں ہیں ۔ گٹھ بندھن کی طاقت سے بی جے پی گھبرائی ہوئی ہے مغربی اترپردیش میں پہلے مرحلہ میں ووٹنگ ہورہی ہے اور یہاں سے بی جے پی کا صفایا یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پارلیمانی حلقہ میں انہیں ہر طبقات کی حمایت مل رہی ہے ، عوام اس حکومت سے عاجز آچکی ہے اور اس نکمی حکومت سے چھٹکارا پانے کا موقع آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب نریندر مودی کو عوام واپس ناگپور بھیجنے کا کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس گٹھ بندھن کو ہرانے کی کسی کی بھی اوقات نہیں ہے اور آنے والے انتخاب میں عوام کی زبردست کامیابی ہونے والی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور اپنے ووٹ کا عقل مندی کے ساتھ استعمال کریں۔ اس موقع پر راشٹریہ لوک دل کے قومی جنرل سکریٹری جینت چودھری، سماج وادی پارٹی کے سابق ریاستی وزیر قاری رائو ساجد ، شمشاد ملک وغیرہ موجود رہے۔

کیٹاگری میں : هوم

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں