bihar-rjd-political-promises-ban-election-manifesto

بہار: آر جے ڈی کا سیاسی داؤ ،انتخابی منشور میں ’تاڑی‘ سے پابندی ہٹانے کا وعدہ

بہار: آر جے ڈی کا سیاسی داؤ ،انتخابی منشور میں ’تاڑی‘ سے پابندی ہٹانے کا وعدہ

پٹنہ 8اپریل ( آئی این ایس انڈیا )

لالو یادو کی پارٹی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنا منشور جاری کیا ہے ۔ اسے پارٹی نے’سنکلپ پتر ‘کا نام دیا ہے۔ آر جے ڈی نے آبادی کے حساب سے ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا تو وہیں بہار میں تاڑی سے قدغن ہٹانے کا بھی اعلان کیا۔ اس پر جے ڈی یو نے کہا کہ نشہ بندی کے خلاف جانا مہنگا پڑے گا۔آج تیجسوی یادو کی جانب سے آر جے ڈی کا منشور جاری کیا گیا۔تیجسوی نے کہا کہ :’ یہ ہمارے منشور میں شامل نہیں ہے ؛لیکن اگر ہماری حکومت بنتی ہے تو ہم بہار میں دوبارہ تاڑی چالو کرنے کا کام کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شروع سے تاڑی کو لے کر ہمارا موقف الگ رہا ہے۔ چاہے ہم نتیش کمار کے ساتھ تھے اس وقت بھی اور اب بھی۔ ہمارا یہی موقف رہا ہے کہ تاڑی بند نہیں ہونی چاہئے۔تیجسوی نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں پرموشن میں ریزرویشن کو لاگو کرنے کے لئے 200 پوائنٹ روسٹر کو دوبارہ آئین میں ترمیم کرکے نافذ کیا جائے گا ۔ وہیں آر جے ڈی کے تاڑی پر پابندی ہٹانے والے وعدے پر جے ڈی یو نے طنز کیاہے۔ بہار جے ڈی یو ترجمان سنجے سنگھ نے کہا کہ بہار میں لالو رابڑی کے دور حکومت کو بہار میں ہی نہیں پورے ملک میں جانتے تھے کہ جنگل راج ہے۔کچھ دنوں کے لئے یہ ہمارے لیڈر کے ساتھ آئے تو مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنی۔ جب شراب بندی ہوئی اور انسانی زنجیر بنائی گئی تو لالو یادو بھی گاندھی میدان میں ہمارے لیڈر کے ساتھ ہاتھ سے ہاتھ ملا کر کھڑے تھے۔ آج انہیں کیا ہو گیا، یہ تاڑی سے پابندی ہٹانے کی بات کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جتن رام مانجھی کو بھی نشانہ بنایا، جنہوں نے اپنے منشور میں شراب بندی کو ہٹانے کی بات کہی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں