لیبیائی فوج طرابلس کے ہوائی اڈے پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب

لیبیائی فوج طرابلس کے ہوائی اڈے پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب

دبئی 7اپریل ( آئی این ایس انڈیا )

لیبیا کی سرکاری فوج کے میڈیا وار سیل کی طرف سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنرل خلیفہ حفتر کی قیادت میں فوج نے دارالحکومت طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ لیبی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طرابلس ہوائی اڈے پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد دارالحکومت کے دیگر مقامات کا کنٹرول حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ فوج طرابلس کے نواحی علاقے خلۃ الفرجان میں داخل ہوگئی ہے۔ قبل ازیں ہفتے کے روز لیبیائی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ فوج نے ملک کے مغربی علاقے میں جاری آپریشن میں کئی اہم مقامات کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ فوج نے طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد دارالحکومت کو نو فلائی زون قرار دیا ہے۔لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے جنوب میں خلیفہ حفتر کے تحت خود ساختہ لیبی قومی فوج ( ایل این اے) اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قومی حکومت کی وفادار فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری انتونیو گوٹیریس سمیت عالمی لیڈروں نے فریقین سے ضبط وتحمل کا مظاہرہ کرنے اور ملک میں جاری بحران کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ایل این اے نے ہفتے کے روز میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم العزیزیہ کے علاقے پر فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں‘۔ یہ حملہ کرنے والے طیارے نے مغربی شہر مصراتہ سے اڑان بھری تھی۔مصراتہ سے تعلق رکھنے والی فورسز قومی اتحاد کی حکومت کی وفادار ہیں اور ان کی خلیفہ حفتر کے تحت فورسز سے ملک کے مغربی علاقے پر کنٹرول کے لیے لڑائی جاری ہے۔ طرابلس میں حکومت نواز فورسز نے حفتر فورسز کو شدید فضائی بمباری میں نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں