#Performance, #book, #History, #islam, #Manuu,

مانو میں کتاب ’’تاریخِ اسلام‘‘ کی رسم اجرا

مانو میں کتاب ’’تاریخِ اسلام‘‘ کی رسم اجرا

حیدرآباد، 29 مارچ(آئی این ایس انڈیا)

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کے ہاتھوں ڈاکٹر ثمینہ بشیر، لکچرر ، گورنمنٹ ڈگری کالج، فلک نما، حیدرآباد، کی کتاب ’’تاریخِ اسلام‘‘ کا اجرا عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ قرآن کا آغاز تعلیم سے ہوتا ہے۔ اس لیے تعلیم حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔ سوال ہر ایک سے کیا جاسکتا ہے اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو تسلی بخش جواب دیں۔ انہوں نے اس موقع پر موجود ڈگری کالج کی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آنے والی نسلوں کی پرورش کریں گی، اس لیے ان کا قرآن سے کماحقہٗ واقف ہونا ضروری ہے۔ قرآن فرض ہے اور اس کا ہر حکم فرض ہے۔ اس کی جانکاری ترجمہ سے پڑھنے تک نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان قابل احترام ہے چاہے وہ مسلمان ہو یا نہ ہو۔ جو آپ کا مخالف ہو اس سے بھی اچھا رویہ اپنانا ضروری ہے۔ ڈاکٹر ثمینہ بشیر نے عثمانیہ یونیورسٹی کے ڈگری کے نصاب پر مشتمل کتاب کا تعارف پیش کیا جو ثمینہ سیریز کا حصہ ہے۔ ڈاکٹر خواجہ معین الدین نے کارروائی چلائی۔پروگرام کی ابتداء جناب طاہر قادری ایڈوکیٹ کی قرأت کلام پاک سے ہوئی۔ سیدہ عائشہ قادری (شکاگو) نے نعت شریف پیش کی۔ عابد عبدالواسع، پبلک ریلیشنز آفیسر نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں گورنمنٹ ڈگری کالج، فلک نما اور اندرا پریہ درشنی کالج فار ویمن (نامپلی) کے طلبہ موجودتھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں