us-president-claim-defeat-isis-wrong-german_chancellor

داعش کو شکست دینے کا امریکی صدر کا دعویٰ غلط ہے: جرمن چانسلر

داعش کو شکست دینے کا امریکی صدر کا دعویٰ غلط ہے: جرمن چانسلر

برلن9 فروری ( آئی این ایس انڈیا )

جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے شدت پسند تنظیم داعش کو شکست سے دوچار کرنے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ داعشی جنگجوئوں کو شام اور عراق میں منتشر ضرور کیا گیا ہے مگر تنظیم کو شکست نہیں دی جا سکی ہے ۔خبر رساں اداروں کے مطابق جرمن چانسلر کا کہنا ہے کہ شام سے علاقہ کھو دینے کے بعد داعش ایک غیر منظم جنگجو تنظیم میں تبدیل ہوچکی ہے۔جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے ان خیالات کا اظہار برلن میں بیرون ملک انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے اس دعوے سے انہیں اتفاق نہیں جس میں وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ داعش کو شکست دے دی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ شام میں داعش کو زیادہ علاقوں سے بے دخل کردیا گیا ہے مگر یہ امر باعث افسوس ہے کہ داعش اب ایک غیر منظم تنظیم ہے جو اب بھی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں شام سے امریکی فوج کے انخلا کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ شام میں داعش کے خلاف جاری مشن اب مکمل ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں موجود امریکی فوج کو اپریل کے آخر تک واپس بلالیا جائے گا۔جرمن چانسلر نے شام قیام امن کے حوالے سے کہا کہ شام میں دیر پا امن کے قیام کا سفر ابھی لمبا ہے اور امن کی منزل اتنی جلدی نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ 2015کو سرحدیں کھولنے کے بعد ساڑھے پانچ لاکھ شامی پناہ گزینوں کو جرمنی میں پناہ دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں