ptv-new-md-be_made-15_days-fawad_chaudhary

پی ٹی وی کے نئے ایم ڈی کا تقرر 15 روز میں کر دیا جائے گا: فواد چوہدری

پی ٹی وی کے نئے ایم ڈی کا تقرر 15 روز میں کر دیا جائے گا: فواد چوہدری

اسلام آباد 10فروری ( آئی این ایس انڈیا )

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’جو کچھ پی ٹی وی کی انتظامیہ یونین ورکرز کے ساتھ کر رہی ہے وہ انتہائی نامناسب ہے‘، اور’حکومت پاکستان آئندہ پندرہ دن میں نئے ایم ڈی کی تقرری کرنے والی ہے‘۔پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی کے قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی سفارش وزیر اعظم کو بھیج دی گئی ہے۔پاکستان ٹیلی وژن کی انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان ادارے کے انتظامی اور مالی مسائل پر تنازعات نے سر اٹھالیا ہے جس کی وجہ سے پی ٹی وی کی ورکرز یونین نے گزشتہ کئی روز سے ہڑتال کر رکھی ہے۔ملازمین نے اسلام آباد میں ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر کے دفتر کے اندر دھرنا دیا ہوا ہے جس کی وجہ سے پی ٹی وی کے ایم ڈی ارشد خان سمیت اعلیٰ افسران ادارے سے غیر حاضر ہیں۔پی ٹی وی کی انتظامیہ نے صورتِ حال کے پیشِ نظر ہڑتال کرنے والے ملازمین میں سے دس کی فوری معطلی کا حکم جاری کیا ہے۔دوسری طرف پاکستان کا نجی میڈیا رپورٹ کر رہا ہے کہ پاکستانی حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ پی ٹی وی کو بند کر دیا جائے گا۔ اس صورتِ حال پر جب وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے دریافت کیا تو انہوں نے پی ٹی وی بند کرنے کی اطلاعات کی تردید کی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی وژن کی انتظامیہ حکومتِ پاکستان سے 3ء 6 ارب روپے کا تقاضا کر رہی ہے جس کے جواب میں وزارتِ اطلاعات نے انتظامیہ کو ایک خط لکھ کر کچھ بنیادی سوال اٹھائے ہیں۔وفاقی وزیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے خط اور انتظامیہ سے کیے گئے سوالات کو مس کوٹ کیا جا رہا ہے یا توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔میں نے یا حکومت نے ایسا کوئی عندیہ نہیں دیا کہ پی ٹی وی کو بند کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں