ameere_shariyat-maulana_mohammad_yaqoob_qasmi-passed_away

امیر شریعت تامل ناڈو مولانا محمد یعقوب قاسمی کا انتقال

امیر شریعت تامل ناڈو ورکن شوری دارالعلوم دیوبند مولانا محمد یعقوب قاسمی کا انتقال

دیوبند، 3؍ فروری (نیوزپوائنٹ)

دارالعلوم دیوبند کے مؤقر رکن شوریٰ تمل ناڈو کے ممتاز عالم دین مولانا یعقوب کے انتقال کی خبر سے یہاںکے علمی حلقوں کی فضا مغمو ہوگئی ،اس بابت دارالعلوم دیوبند سمیت متعدد دینی اداروں میں قرآن خوانی کرکے مرحوم کے لئے دعاء ایصال ثواب کا اہتمام کیاگیا، مولانا مرحوم کے انتقال پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانامحمد سفیان قاسمی نے مولانامرحوم کے انتقال پر غم کااظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو بڑا ملی خسارہ بتایا۔ واضح رہے کہ آج دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ و تمل ناڈو کے ممتاز عالم دین مولانایعقوب قاسمی کا علالت کے باعث تقریباً 87؍ سال کی عمر میں انتقال ہوگیا، ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر میل و شارم میں اد ا کی گئی اور وہیں تدفین عمل میں آئی ۔ مولانا یعقوب کے انتقال پر دارالعلو م دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو عظیم ملی خسارہ سے تعبیر کیا ۔انہوں نے کہاکہ مولانا مرحوم نے عظیم علمی و ملی کارنامے انجام دیئے۔انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ کااظہار کیا۔وہیں دارالعلوم زکریادیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی نے بھی مولانامحمد یعقوب رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند کے انتقال پر گہرے افسوس کااظہارکیا اور کہاکہ مولانا نے تمل ناڈو میں بیش بہا علمی،اصلاحی اورملی کام کئے ہیں جن کے سبب انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ مولانا مرحوم کاجامعہ کاشف الہدیٰ مدراس کی ترقی میں نہایت اہم اور بنیادی کردار ہے، مرحوم نے تمل ناڈو میں امیر شریعت اور تحفظ ختم نبوت جیسی تحریکوں کے تحت نہایت اہم امور انجام دیئے ہیں۔ اللہ پاک مرحو م کی بال بال مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے۔ جامعہ قاسمیہ دارالتعلیم والصنعہ کے مہتمم مولانامحمد ابراہیم قاسمی نے بھی مولانا یعقوب کے انتقال کو عظیم علمی خسارہ بتاتے ہوئے کہاکہ مولانامرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، انہوںنے کہاکہ مرحوم کے انتقال سے تمل ناڈو میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسکو پرُ کرنا آسان نہیں ہے ،اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر و جمیل کی توفیق دے اور امت کو مرحوم کا نعم البدل عطا فرمائے۔ علاوہ ازیںمتعدد دینی مدارس و مکاتب میں مرحوم کے لئے دعاء ایصال ثواب کااہتمام کیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں